پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کو سنگاپور کرکٹ ٹیم کا کنسلٹنگ ہیڈکوچ مقرر کردیا گیا ہے۔
سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن (SCA) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 37 سالہ پاکستانی کرکٹر کو کنسلٹنگ ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے ۔
رپورٹس کے مطابق سلمان بٹ کا پہلا چیلنج جولائی میں زمبابوے میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائر ہوگا جس کے لیے وہ سنگاپورکرکٹ ٹیم کو اپنے تجربے کی بنیاد پر تیار کریں گے۔
سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو سعد خان نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سلمان بٹ کی صلاحیتیں اور تجربہ سنگاپور کے کھلاڑیوں کو کوالیفائرز میں مدد دے گا۔
واضح رہے کی بائیں ہاتھ کے بیٹر 2003 سے 2010 تک پاکستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے تاہم 2010 میں دورہ انگلینڈ پر اسپاٹ فکسنگ کا اسکینڈل سامنے آیا جس میں اس وقت کے کپتان سلمان بٹ پر پیسوں کے عوض لارڈز ٹیسٹ کے دوران اپنے فاسٹ بولرز محمد عامر اور محمد آصف سے جان بوجھ کر نو بال کرانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
تاہم تحقیقات کے بعد تینوں کرکٹرز پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ برطانیہ کی ایک عدالت نے انہیں جیل بھیج دیا تھا۔
اگرچہ تینوں نے اپنی پابندی 2015 میں مکمل کی لیکن صرف محمد عامر ہی پاکستانی ٹیم میں اپنی جگہ دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔