بالاکوٹ واقعے کے بعد پاکستانی حراست میں رہنے والے بھارتی ایئر فورس کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھارتی حکومت کی جانب سے ویر چکرا یوراڈ سے نوازا گیا ہے۔
ابھی نندن ورتھمان فروری 2019ء میں پاکستان کے ساتھ ہونے والے تنازعے میں شامل تھے۔پاکستانی طیارے نے انہیں نشانہ بنایا تھا جس کی وجہ سے ان کا طیارہ تباہ ہو گیا تھا جب کہ اس وقت پاکستانی افواج نے انہیں حراست میں لے لیا تھا۔دوران حراست ابھی نندن کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں وہ چائے پیتے ہوئے بتا رہے تھے کہ پاکستانی افواج نے ان کے ساتھ اچھا رویہ اختیار کیا تھا۔
بھارتی حکومت کی طرف سے یہ کہا جا رہا ہے کہ انڈین فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن ورتھمان کو فروری 2019ء میں پاکستانی فضائیہ کے F-16 طیارے کو مار گرانے پر ملک کے تیسرے سب سے بڑے فوجی اعزاز ’ویر چکرا‘ سے نوازا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان متعدد مرتبہ اس انڈین دعویٰ کی تردید کر چکا ہے جبکہ امریکی جریدے فارن پالیسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ امریکہ کے محکمۂ دفاع کے اہلکاروں نے پاکستانی ایف 16 طیاروں کی گنتی کی ہے اور وہ تعداد میں پورے ہیں۔واضح رہے کہ ہندوستانی ایوارڈ ویر چکرا جنگ کے دوران دشمن کے سامنے فوجی کی بہادری کو دیکھتے ہوئے اُسے دیا جاتا ہے۔
واضح رہے 27 فروری 2019ء کو ابھی نندن کو جب گرفتار کیا گیا تو اگلے ہی روز وزیراعظم عمران خان نے انہیں رہا کرنے کا اعلان کیا تھا اور انہیں واہگہ بارڈر پہ یکم مارچ 2019ء کو بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔