گزشتہ روز قتل ہونے والے بھارتی کانگریس رہنما اور پنجابی گلوکار شبھدیپ سنگھ سدھو موسے والا کا قاتل کینیڈا کا گینگسٹر نکلا۔
گلوکار سدھو موسے والا کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کینیڈا میں مقیم گینگسٹر نے یہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس کے رہنما اور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو گزشتہ روز ضلع مانسا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ فائرنگ سے دو دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ یہ واقعہ پنجاب کی جانب سے موسے والا سمیت 424 افراد کی سیکیورٹی واپس لینے کے ایک دن بعد پیش آیا۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب موسے والا اور ان کے دو دوست جیپ میں پنجاب کے گاؤں جواہر کے جا رہے تھے۔
موسے والا کی گاڑی پر فائر کیے گئے جس کے نتیجے میں وہ اپنی سیٹ پر گِرے ہوئے پائے گئے اور بہت زیادہ خون بہہ رہا تھا، اُنہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے گلوکار کو مردہ قرار دے دیا۔اس حوالے سے بھارتی ریاست پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ گینگ وار کی وجہ سے لگتا ہے۔ پولیس نے یہ بھی کہا کہ کینیڈا میں مقیم ایک گینگسٹر نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کینیڈا کے لارنس بشنوئی گینگ اس قتل میں ملوث ہے، گینگ کے رکن لکی نے کینیڈا سے ذمہ داری لی ہے۔پنجاب پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔واضح رہے کہ پنجابی گلوکار کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ انہوں نے رواں سال 20 فروری کو کانگریس کے ٹکٹ پر اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن 63 ہزار ووٹوں سے ہار گئے تھے۔