بھارت کے نامور گلوکار کرشنا کمار کناتھ المعروف کے کے حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 53 سالہ گلوکار کو کولکتہ میں لائیو کنسرٹ کے بعد دل کا دورہ پڑا جس پر انہیں مقامی نجی اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ دل کا دورہ پڑنے سے قبل انہوں نے کنسرٹ میں لائیو پرفارم کیا اور اس دوران مکمل صحت مند تھے۔
کے کے کا پہلا البم پل 1999 میں آیا تھا اور پھر انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور ایک کے بعد ایک سپرہٹ گانے گائے۔
ان کے سپرہٹ گانوں میں فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کا گیت ’تڑپ تڑپ‘، ’دس بہانے‘ اور ’تونے ماری انٹریاں‘ شامل ہیں۔ گلوکار ’کے کے‘ کے گائے گئے گیت شاہ رخ خان، سلمان خان اور دیگر ادکاروں پر فلمائے گئے ہیں۔
انہوں نے ہندی فلموں کے علاوہ دیگر مقامی زبانوں میں بھی گانے گائے ہیں اور کئی ایوارڈز اپنے نام کئے ہیں۔