بابر نے اشتہار میں بوتل کیوں نہیں پی؟ رضوان نے وجہ بتا دی

2  جون‬‮  2022

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم بہت معصوم انسان ہے اور اس کی بہت قربانیاں ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور میں لگائے گئے کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ون ڈے میں ٹاپ آرڈر اچھا کرتا ہے اور مڈل آرڈر کو عموماً 40 اوور کے بعد موقع ملتا ہے، مڈل آرڈر کو ٹائم کم ملتا ہے، اس ٹائم میں سنچری نہیں بنائی جا سکتی لیکن ہماری کوشش ہے کہ مڈل آرڈر کو زیادہ سے زیادہ اچھا کریں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان میں گرم موسم میں سیریز سے متعلق سوال پر رضوان کا کہنا تھا کہ ہم گرم موسم میں کھیلتے آئے ہیں، گرم موسم کا ہونا کوئی ایشو نہیں ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں قومی وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ میں متبادل وکٹ کیپرز سے نہیں گھبراتا، پاکستان ٹیم میں 4، 5 وکٹ کیپرز ہونے چاہئیں۔

انگلش کاؤنٹی میں اپنے تجربے کے حوالے سے محمد رضوان کا کہنا تھا کاؤنٹی میں چتیشور پجارا سے بات چیت ہوتی رہی، پجارا سے بہت سیکھا ہے اور اس نے مجھ سے بھی بہت کچھ پوچھا، ہم ایک دوسرے سے بات چیت کرتے رہے، ہمیں اندازہ ہے کہ اوپر والے معاملات ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں، ہم نے کاؤنٹی کرکٹ میں ایک ساتھ وقت گزارا ہے۔

محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان کے پاس بہترین اور ہائی کوالٹی بولنگ اٹیک ہے، ہم تو ان بولرز کو روزانہ کھیلتے ہیں ہمیں علم ہے کہ وہ کیسے ہیں لیکن انگلینڈ میں کاؤنٹی کے بولرز ہمارے بولرز سے بہت متاثر ہیں اور ان کی طرح بولنگ کرنا چاہتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان سے متعلق بات کرتے ہوئے رضوان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی کیمروں کے سامنے کیا تعریف کروں، وہ معصوم انسان ہے لیکن اس میں بہت خصوصیات ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بابر نے اشتہار میں صرف اس لیے بوتل نہیں پی کہ روزے میں تھا، اس کے لیے انہیں بہت پیسے بھی ملنے تھے لیکن اس نے قربانی دی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved