صدر مملکت نے پاکستان کی پہلی نیشنل سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کا افتتاح کر دیا

23  ‬‮نومبر‬‮  2021

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں منعقدہ سائبر وارفیئر اینڈ سیکیورٹی (ICCWS 2021) پر بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں ملک کی پہلی نیشنل سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کا افتتاح کیا۔

تقریب میں آمد پر سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے صدر عارف علوی کا استقبال کیا۔ تقریب میں ایئر مارشل (ر) جاوید احمد، وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی اور ایئر وائس مارشل عباس گھمن، ڈائریکٹر جنرل (C4i PAF) سمیت سول عسکری اور غیر ملکی معززین نے بھی شرکت کی۔

سائبر سیکیورٹی عالمی مسئلہ ہے، صدر مملکت

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سائبر سیکیورٹی کے مسئلہ کو ایک عالمی خطرہ قرار دیا جس کے قومی سلامتی پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ صدر پاکستان نے تعلیم اور صنعت کے باہمی تعاون کو سراہا جسکے تحت پاک فضائیہ نے ایئر یونیورسٹی اور ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ ملکر ملک کی پہلی سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ تقریب کو ایک تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے صدر مملکت نے سائبر سیکیورٹی میں بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔

سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کے سلسلے میں سربراہ پاک فضائیہ کے وژن نے نیشنل سائبر سیکیورٹی پالیسی۔2021 کے تحت سائبر سیکیورٹی کے مقاصد کے حصول میں پاک فضائیہ کے کردار کی وضاحت کی ہے۔ پاک فضائیہ نے سائبر سیکیورٹی کے شعبہ میں افرادی قوت کی مہارت اور ریسرچ و ڈویلپمنٹ کی مزید تقویت کے لیے تعلیمی شعبوں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ ریسرچ و ڈویلپمنٹ کے اداروں کے تعاون اور صنعت و تعلیم کے موثر روابط کے ذریعے پاک فضائیہ ایک انتہائی موثر اور ذمہ دار سائبر فورس کی صورت میں ابھر کر سامنے آئے گی۔

اکیڈمی کے قیام کا مقصد سائبر سیکیورٹی سے متعلقہ خطرات کے پیش نظر تربیت یافتہ سائبر ماہرین کی فراہمی ہے

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل عباس گھمن، ڈائریکٹر جنرل (C4i PAF) نے سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کے قیام اور ICCWS کے ساتھ سائبر سیکیورٹی انڈسٹری کی نمائش کے کامیاب انعقاد پر پاک فضائیہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ ائیر وائس مارشل عباس نے پاک فضائیہ کی اپنی سائبر کمانڈ قائم کرنے کے منصوبے پر بھی روشنی ڈالی جسے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NASTP) کے ماتحت سائبر ٹیکنالوجی پارک اور سائبر سینٹر آف ایکسیلینس کا تعاون حاصل ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر مارشل (ریٹائرڈ) جاوید احمد، وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی نے کہا کہ سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کے قیام کا مقصد سائبر سیکیورٹی سے متعلقہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر حکومتی، صنعتی، پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں کو تربیت یافتہ سائبر ماہرین کی فراہمی ہے۔

سائبر اکیڈمی کے افتتاح کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے ہمراہ سائبر سیکیورٹی انڈسٹری کی نمائش کا دورہ کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے صدر پاکستان کو مقامی اور غیر ملکی ٹیکنالوجی ماہرین کے اشتراک سے پاک فضائیہ کی جانب سے جاری مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved