افغانستان میں امداد پہنچانے کے لیے پاکستان نے بھارت کو زمینی راستہ استعمال کرنے کی اجازت دے دی

24  ‬‮نومبر‬‮  2021

پاکستان نے بھارت کو افغانستان میں گندم پہنچانے کے لیے زمینی راستہ استعمال کرنے کی اجازت دے دی

تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز افغانستان کے لیے خصوصی طور پر قائم بین الوزارتی رابطہ سیل کا دورہ کیا۔انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وزیر اعظم نے افغانستان کے لیے بھارت کی طرف سے 50 ہزار میٹرک ٹن امدادی گندم جو کہ پاکستان سے گزر کر جانی ہے کی راہداری کی اجازت دی۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ’ہم نے بھارت کی جانب سے 50 ہزار ٹن گندم افغانستان پہنچانے کے لیے راستہ فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ انسانی بنیادوں پر پر طرح سے افغانستان کی مدد کرنی چاہیے۔مذکورہ اعلان پر بھارت کی جانب سے کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب پاکستان  افغانستان کو 50 ہزار میٹرک ٹن گندم، ہنگامی ضرورت کا طبی سامنا، سردیوں کے خیموں اور دیگر سامان بشمول اشیائے خورو نوش 5 ارب روپے (2 کروڑ 86 لاکھ 50 ہزار ڈالر) مالیت کا امدادی سامان بھیجے گا۔خیال رہے کہ تنازعِ قحط سالی، اور کووِڈ 19 کے باعث طالبان کے زیر حکمرانی لاکھوں افغان بھوک اور قحط کا سامنا کررہے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ایک ادارے نے کہا ہے کہ 4 سال سے جاری خشک سالی نے گندم کی 40 فیصد فصل تباہ کردی ہے جس سے اشیائے خو ر و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی سے ملاقات میں یقین دلایا تھا کہ بھارت کی جانب سے انسانی بنیاد پر پاکستان کے راستے گندم بھیجنے کی پیش کش پر افغان بھائیوں کی درخواست پر پاکستان موجودہ حالات کے تناظر میں غور کرےگا اور طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved