بھارت کے معروف گلو کار سدھو موسے والا کے قتل نے صرف ہندوستان کو نہیں پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ۔دنیا بھر میں سدھو موسے والا کے قتل پرغم وغصے کا اظہار کیا گیا ۔
سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث گینگسٹرنے اور بھی اداکاروں کے نام سامنے لائے ہیں جو ان کی ہٹ لسٹ پر تھے ،اسی گینگ نے سدھو موسے والا کے علاوہ سلمان خان کو دھمکیاں دی تھیں اور ان سے بھتا طلب کیا تھا ۔ صرف یہی نہیں اس گینگ نے سلمان کے قتل کیلئے ایک شوٹر بھی بھیجاتھا ۔
ایک بھارتی پولیس اہلکار نے بتایا ہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گرفتار رکن مہاکال نے تفتیش کے دوران اہم انکشاف کیا ہے ۔پولیس کے مطابق مہاکال نے بتایا کہ سلمان خان کے علاوہ ان کا اگلا نشانہ فلمساز کرن جوہر تھے۔وہ انہیں دھمکی دے کر کروڑوں روپے وصول کرنا چاہتے تھے۔ایک اور پولیس آفیسر نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان کے اعترافِ جرم کا مقصد مشہوری حاصل کرنا ہے، گینگسٹرز چاہتے ہیں کہ ان کا نام ہمیشہ ہائی پروفائل کیسز سے جڑا رہے۔