سدھو موسے والا کے قاتل نے اعتراف جرم کر لیا

24  جون‬‮  2022

گینگسٹر لارنس بشنوئی نے بھارت کے پنجابی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی پنجاب پولیس نے بتایا ہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ تھا اور وہ گزشتہ برس اگست سے اس کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

پنجاب پولیس کے سینئر آفیسر نے بھارتی میڈیا کو بتایا ہے کہ ہم نے حال ہی میں لارنس بشنوئی کو اس کیس میں گرفتار کیا تھا اور اس کے ریمانڈ میں 27 جون تک توسیع کر دی گئی تھی۔

پولیس آفیسر نے بتایا کہ قتل کا منصوبہ گزشتہ برس اگست سے بنایا جا رہا تھا، ہماری معلومات کے مطابق رواں برس جنوری میں بھی سدھو کو قتل کرنے کیلئے شوٹرز کا ایک مختلف گروپ یہاں آیا تھا، لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فتح آباد پٹرول پمپ سے حاصل کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے ہم نے ملزم پریاورت عرف فوجی کی شناخت کی ہے، اور اس کیس میں اب تک 13 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، اب پوری سازش کا پردہ فاش کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پنجابی گلوکار کو 29 مئی کو ضلع مانسا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا، اور ان کے قتل کے ایک روز بعد ہی لارنس بشنوئی نے اپنے وکیل کے ذریعے سیکیورٹی بڑھانے کی درخواست کی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved