کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کے دوران پاکستان کا قومی پرچم لہرانے پر ٹیم کے ارکان کے خلاف درخواست دائر جسے عدالت نے مسترد کر دیا
بنگلا دیشی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈھاکا کے ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نے پاکستان ٹیم کے خلاف دائر درخواست کو مسترد کیا۔مقامی میڈیا کا بتانا ہےکہ بنگلا دیش مکتیودھ منچا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری نے اسی عدالت میں پاکستان ٹیم کے خلاف حکومتی اجازت کے بغیر پریکٹس سیشن میں جھنڈا لہرانے پر مقدمہ دائر کیا تھا۔ درخواست میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان، کوچ اور مینیجر سمیت تمام اسکواڈ ارکان کو نامزد کیا گیا تھا۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے اکیڈمی گراؤنڈ میں حکومت کی اجازت کے بغیر پاکستانی پرچم لہرانے کی مشق کی گئی۔عدالت نے درخواست گزار کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد پاکستان ٹیم کے خلاف دائر درخواست کو مسترد کردیا۔
یاد رہے چند دن قبل ، بنگلہ دیشی وزیر نے کہا تھا کہ ہمارے گراؤنڈ پر پاکستانی جھنڈا کیوں لہرایا؟، بنگلہ دیشی وزیر کاپاکستانی ٹیم کو واپس بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نےبنگلادیش سے پریکٹس کے دوران قومی پرچم لگانے کیلئے رسمی اجازت طلب کی تھی۔