ہالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر ایڈ پرکنز کی ہدایتکار میں بننےوالی لیڈی ڈیانا کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم ’دی پرنسز‘ ریلیز کے لئے تیار کر لی گئی۔
اس فلم میں فلمساز نے شہزادی ڈیانا کی زندگی کی سینکڑوں گھنٹے کی فوٹیج کے ذریعے ان لمحات کو فلمانے کی کوشش کی ہے جس میں ان کی جوانی سے لے کر 31 اگست 1997 کو 36 سال کی عمر میں ان کی موت اور اس کے نتیجے میں سوگ کے غیرمعمولی مناظر شامل ہیں۔
فلم کے حوالے سے آسکر کے لیے نامزد ڈائریکٹر ایڈ پرکنز کا کہنا ہے کہ دستاویزی فلم میں انہوں نے انٹرویوز اور تجزیوں کے روایتی انداز سے بچتے ہوئے لیڈی ڈیانا، میڈیا اور عوام کے درمیان تعلقات کی پیچیدگیوں کو کھوجنے کی کوشش کی ہے اور وہ اس کے ناظرین سے جذباتی ردعمل کی امید رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’ہماری کوشش تھی کہ اس دستاویزی فلم میں لیڈی ڈیانا کی زندگی پر مبنی آرکائیو ویڈیوز کو ایک قسم کی ٹائم مشین کے طور پر استعمال کریں تاکہ ناظرین کو ماضی میں واپس لے جایا جا سکے اور انہیں اس وقت میں دوبارہ جینے کا موقع دیا جا سکے‘۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا فلم سازی کا انداز ناظرین کو لیڈی ڈیانا کے ساتھ اپنے تعلق کا ازسر نو تجزیہ کرنے کی ترغیب دے گا۔
خیال رہے کہ لیڈی ڈیانا کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم ’دی پرنسز‘ 30 جون کو برطانیہ کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔