بالی وڈ اسٹار سلمان خان نے اس بار گلیکسی اپارٹمنٹ کی گیلری میں آکر مداحوں کو عید کی مبارکباد دینے کی بجائے ٹوئٹراکاؤنٹ پر ہی مداحوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اسٹار سلمان خان اس سال عید الاضحیٰ کےموقع پر سکیورٹی وجوہات کی سبب مداحوں کیلئے گھرکی گیلری میں نہیں آ پائے اور عید کے موقع پر ان کے پرستار ان کی جھلک دیکھنے سے محروم رہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لارینس بشنوئی گینگ کی جانب سے جان لیوا دھمکیوں کے بعد سلمان خان عوامی مقامات میں جانے سے بھی اجتناب کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپیشل فورس کے 10 افسران سلمان خان کی حفاظت کیلئے ان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر تعینات کئے گئے ہیں اور ان کی رہائش گاہ کے آس پاس موجود عمارتوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلموں کی شوٹنگ کے دوران بھی سلمان خان کی سکیورٹی پر معمور افسران فلم سیٹ پر ان کے ساتھ رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ایک گینگ کی جانب سے سلمان خان کے وکیل کو ایک خط کے ذریعے جان لیوا دھمکی دی گئی ہے۔