نفرت جیت گئی، فن ہار گیا، انتہا پسند ہندوؤں نے کامیڈین منور فاروقی کے شوز پر پابندی لگا دی

29  ‬‮نومبر‬‮  2021

بھارتی ہندو انتہا پسندوں نے مسلمان کامیڈین منور فاروقی کے گذشتہ 2 مہینوں میں مسلسل 12 شوز منسوخ کرا دئیے ہیں، جبکہ حالیہ بنگلور میں ہونے والے شو کی منسوخی کیلئے پولیس نے انتظامیہ کے سامنے ہاتھ جوڑ دئیے ہیں، اور انہیں یہ شو بھی منسوخ کرنا پڑا۔

بنگلور پولیس نے شو کی انتظامیہ کو مراسلہ لکھا جس میں کہا گیا کہ ہمارے پاس مصدقہ معلومات ہیں کہ چند گروہ آپ کے شو پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں، شو ہونے کی صورت میں امن و امان کی صورتحال نہایت گھمبیر ہو جائے گی، جسے کنٹرول کرنے ممکن نہیں رہے گا، پولیس نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس شو کو منسوخ کر دیا جائے، جسے بعد ازاں منسوخ کر دیا گیا۔

شو کی منسوخی کے بعد دلبرداشتہ ہو کر منور فاروقی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ پہلے مجھے اس گناہ کی پاداش میں جیل میں ڈالا گیا جو میں نے کبھی کیا ہی نہیں، پھر اس کے بعد 2 ماہ کے دوران میرے 12 شوز منسوخ کر دئیے گئے، اب بنگلور کا شو بھی اس لئے منسوخ کیا گیا کیونکہ وہاں پر حملے کی دھمکی دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نا انصافی ہے، میرا خیال ہے کہ اب میرا اختتام ہو چکا ہے، مداحوں نے بہت پیار دیا، لیکن اب میری بس ہو چکی ہے، نفرت جیت گئی، آرٹسٹ ہار گیا،گڈ بائے۔

یاد رہے کہ منور فاروقی کو  رواں برس جنوری میں مدھیہ پردیش کے شہر اندور سے  اس خدشے کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا کہ وہ  اپنے شو میں قابل اعتراض لطیفےسنانے والے ہیں۔ بعد ازاں ان پر ہندو دیوتاؤں اور وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت حکومتی شخصیات کے متعلق نازیبا تبصرے کرنے کے الزامات پر مقدمات درج کئے گئے تھے، انہوں نے سیشن کورٹس حتیٰ کہ ہائی کورٹ میں ضمانت کیلئے درخواست دائر کی، جسے مسترد کر دیا گیا۔ بعد ازاں انہیں سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانہ پڑا، اور وہاں سے انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا، لیکن ہندو انتہا پسندوں نے مدھیہ پردیش سمیت متعدد ریاستوں میں ان کے شوز پر نہ صرف پابندی عائد کر دی، بلکہ مختلف ریاستوں میں ان کے خلاف مقدمات درج کر دئیے گئے۔

 

 

حالیہ بنگلور میں ہونے والے شوز سے قبل بھی پولیس نے انتظامیہ کو خط لکھتے ہوئے کہا کہ منور فاروقی ایک متنازع شخص ہیں، جودوسرے مذاہب کے دیوتاؤں کے بارے میں متنازع بیانات دیتے ہیں، ان کے کامیڈی شوز پر کئی ریاستوں میں پابندی ہے، اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج ہیں۔ پولیس کے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ کئی تنظیمیں منور فاروقی کے کامیڈی شو کی مخالفت کر رہی ہیں، اور اس پر حملہ بھی کیا جا سکتا ہے، لہٰذا  اگر شو منعقد کیا گیا تو اس سے انتشار پھیل سکتا ہے اور امن و امان کا مسئلہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔ اس لئے  آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ آپ منور فاروقی کا 28 نومبر 2021ء  کو شام 5 بجے گڈ شیفرڈ آڈیٹوریم میں ہونے والاشو منسوخ کر دیں، جسے انتظامیہ نے منسوخ کر دیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved