بابر اعظم کی جانب سے ٹوئٹر پر بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کیلئے جاری کیے گئے پیغام پر سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔
بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی ان دنوں ناقص کارکردگی کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں۔
گزشتہ دنوں بھارتی کرکٹ بورڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے آؤٹ آف فارم ویرات کوہلی کو ٹیم سے باہر کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق کپتان ویرات کوہلی کو دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے آرام دے دیا گیا ہے، پہلے وہ آؤٹ آف فارم تھے تاہم اب فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔
گزشتہ روز بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر اپنی ویرات کوہلی کے ہمراہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں لی گئی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ’مضبوط رہیں، یہ وقت بھی گزر جائے گا۔‘
اب بابر کی ٹوئٹ پر ویرات کوہلی کا جواب آیا ہے۔ ویرات کوہلی نے بابر کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’شکریہ، چمکتے رہیں اور بلندی حاصل کرتے رہیں، آپ کیلئے میری نیک تمنائیں ہیں۔‘
بابر اعظم کی ٹوئٹ پر ویرات کوہلی کا جواب آنے سے چند گھنٹوں قبل میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’ویرات کوہلی کو بابر کی ٹوئٹ کا فوری جواب دینا چاہیے، کرکٹ نے ہمیشہ ان دو ملکوں کو قریب کیا ہے، بابر نے اپنے عمل سے دنیا کو ایک بہت مثبت پیغام دیا ہے۔‘
آفریدی نے مزید کہا کہ نریندر مودی کی حکومت آنے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بدترین ہوگئے، اس سے قبل تعلقات بہتر تھے۔