جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے حکومت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مشاورت نہیں کرے گی۔ ان سے مشاورت کرنا ایسا ہے کہ جیسے چور سے پوچھا جائے کہ آپ کا تفتیشی کون ہونا چاہیے۔ اٹارنی جنرل اور وزیر قانون مختلف آپشنز پر غور کررہے ہیں جلد حتمی لائحہ عمل سامنے آ جائے گا، لیکن یہ طے ہے کہ شہباز شریف سے مشاورت نہیں کی جائے گی۔
پی ٹی آئی اگلے انتخابات میں دوتہائی کی اکثریت سے حکومت بنائے گی
مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی سیاست کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگلے انتخابات میں ان جماعتوں کو امیدوار ہی نہیں ملیں گے، بلاول جنوبی پنجاب کے دورے میں لوگوں کو پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کیلئے 5،5 کروڑ روپے کی آفرز کرتے رہے تھے لیکن انہیں امیدوار نہیں ملے۔ مسلم لیگ ن میں شہباز شریف، مریم نواز اور دیگر روز ٹاس کرتے ہیں کہ اس ہفتے لیڈر کون ہو گا اور اگلے ہفتے کون ہو گا۔ ان پارٹیوں کے پاس الیکشن لڑنے کیلئے امیدوار ہی نہیں ہیں، اگلے انتخابات میں پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔
نوازشریف اور اشرف غنی ایک جیسی زندگی گزار رہے ہیں
میاں محمد نوازشریف کو ہدف تنقید بناتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کتنے بےشرم حکمران رہے ہیں جو اپنی ذات سے آگے سوچتے ہی نہیں تھے نہ ان میں صلاحیت تھی، پیسے اکٹھے کرنے یا نریندر مودی کو شادی پر بلانے کے علاوہ انہوں نے کوئی تعمیری کام نہیں کیا۔ مزید ان کا کہنا تھا کہ آپ دیکھ لیں آج نوازشریف اور اشرف غنی ایک جیسی زندگی گزار رہے ہیں، ایک دبئی میں لیٹا ہوا ہے ایک لندن بھاگا ہوا ہے، دونوں ڈالروں کے بھرے ہوئے بیگ لے کر باہر بھاگ گئے۔
آج نواز شریف اور اشرف غنی ایک جیسی زندگی گذار رہے ہیں، ایک دوبئی میں اور دوسرا لندن میں مفرور ہے
جو لوگ اپنی مٹی کے ساتھ جڑے نہ ہوں تو اس طرح کی زندگی گذرنا ان کا مقدر ہوتی ہے
نواز شریف اور اشرف غنی دونوں ڈالروں کے بیگ بھر کر بیرون ملک فرار ہیں@fawadchaudhry pic.twitter.com/bmtX0o2LdR— Fawad Chaudhry (Updates) (@FawadPTIUpdates) September 25, 2021
الیکشن کمیشن کے ساتھ حالات بہتر ہورہے ہیں
الیکشن کمیشن کی طرف سے ملنے والے نوٹس کے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ تعلقات بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں، حکومت کا چیف الیکشن کمیشن سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں،امید ہے وہاں بھی حالات بہتر ہو رہے ہوں گے۔