سعودی عرب کا افغانستان کیلئے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ، پاکستان کی میزبانی کی پیشکش

29  ‬‮نومبر‬‮  2021

سعودی عرب نے افغانستان میں انسانی بحران کے پیش نظر او آئی سی کے رکن ممالک سے غیرمعمولی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے، جس کا پاکستان نے خیر مقدم کرتے ہوئے 17 دسمبر 2021ء کو یہ اجلاس پاکستان میں منعقد کرنے کیلئے میزبانی کی پیشکش کر دی ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں افغان عوام برادر ممالک کی مدد کی ضرورت ہے، کیونکہ سخت موسم میں لاکھوں افغان بچے، عورتیں اور دیگر افراد شدید غذائی قلت کا شکار ہو جائیں، اور انہیں ادویات کی بھی اشد ضرورت ہو گی۔افغانستان کی معاشی صورتحال ملک بھر میں عدم استحکام پیدا کریں گی، جس کے اثرات  مجموعی طور پر خطے کے دیگر ممالک پر بھی آئیں گے۔

سعودی میڈیا کے مطابق او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں عالمی برادری، این جی اوز اور دیگر عالمی اداروں پر زور دیا جائے گا کہ وہ اس مشکل وقت میں افغان عوام کی مدد کریں، سعودی حکام کے مطابق اس اجلاس کے افغانستان کیلئے مثبت نتائج نکلیں گے۔

سعودی حکام نے او آئی سی کے رکن ممالک سے اس اجلاس میں شرکت کی اپیل کی ہے تاکہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو افغان عوام کی مدد کیلئے قائل کیا جا سکے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ افغانستان او آئی سی  کا ایک بانی رکن ہے، مسلم امہ  کا حصہ ہونے کے ناطے ہم افغانستان کے لوگوں کے ساتھ برادرانہ دوستی اور بھائی چارے کے رشتے  میں بندھے ہوئے ہیں،  اور آج ماضی کی نسبت افغان عوام کوہماری زیادہ ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں افغان عوام کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اپنی اجتماعی کوششوں کو تیز کرنا چاہیےاور، انہیں فوری اور پائیدار مدد فراہم کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مہینے ہم ایک بار پھر اسلام آباد میں جمع ہوں گے تاکہ افغان عوام کے ساتھ اپنی مستقل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرسکیں، اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کر سکیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved