وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی طرف سے افغانستان کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پانچ ارب روپے کے امدادی پیکیج کی منظوری کے بعد کابینہ نے منظوری دیدی۔
تفصیلات افغانستان کو گندم عطیہ کرنیکی منظوری کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) کے خصوصی اجلاس میں دی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ ہفتے افغانستان کے لیے خصوصی طور پر قائم کیے جانے والے بین الوزارتی رابطہ سیل کا دورہ کیا تھااور بعد میں ایپیکس کمیٹی کی صدارت کی تھی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ شوکت ترین، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف اور اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اور ہنگامی صورتحال سے نمٹننے کے لیے افغانستان کے لیے 5 ارب روپے کی امدادی پیکج کی منظوری دی گئی تھی۔امدادی پیکج میں شامل اشیا میں 50 ہزار میٹرک ٹن گندم، ادویات و طبی سامان اور سردیوں کے لیے سامان شامل ہیں۔اجلاس ای سی سی کو بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے لیے مختص کرنے کے بعد بھی اتنی گندم موجود ہے کہ پڑوسی ملک کو عطیہ کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اپیکس کمیٹی نے 50کروڑ مالیت کی دوائیں بھی افغانستا کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام ( ڈبلیو ایف پی) نے متنبہ کیا تھا یہ اگر ہنگامی اقدام نہ کیے گئے تو اس موسم سرما میں لاکھوں افغان فاقہ کشی کا شکار ہوجائیں گے۔ پاکستان اپنے محدود وسائل کے باوجود افغان عوام کا ساتھ دینے کے لیے پرعزم ہے۔