بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قاتلوں میں سے 2 شوٹرز پولیس مقابلے میں مارے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سدھو موسے والا کے قاتل شوٹرز جگروپ سنگھ اور من پریت سنگھ اتاری بارڈر کے علاقے میں پناہ لئے ہوئے تھے۔
ان کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس کی خصوصی پارٹی نے چھاپہ مارا جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی، پولیس اور ملزمان کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران پولیس نے بیلسٹک وین بھی منگوائی۔
اس کی مدد سے پولیس اے کے 47 کی گولیوں کی برسات میں سے ہوتے ہوئے ملزمان کے ٹھکانے کے نزدیک تک پہنچی۔ 4 گھنٹے جاری رہنے والے مقابلے میں دونوں شوٹرز مارے گئے۔
پہلے جگروپ سنگھ ہلاک ہوا لیکن من پریت عرف منو کوسا نے ایک گھنٹے تک مقابلہ جاری رکھا اور مارا گیا۔ مقابلے میں پولیس کے 3 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نجی ٹی وی چینل کا ایک کیمرا مین بھی پولیس مقابلے کے دوران فلم بندی کرتے ہوئے گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو ان کے آبائی گاؤں کے نزدیک 29 مئی کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔ گینگسٹر لارنس بشونی، من پریت اور روپا نے اپنے دیگر کارندوں کے ساتھ مل کر گلوکار پر گولیاں برسائی تھیں۔