امریکہ میں ایک دہائی کے بعد نیویارک میں پولیو کا کیس سامنے آیا ہے۔
برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی ریاست نیویارک کے نواحی علاقے کے ایک نوجوان شخص میں پولیو کی تشخیص ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست نیو یارک کی راک لینڈ کاؤنٹی میں رہنے والے مذکورہ شخص کو ایک ماہ قبل فالج ہوا تھا۔ نیویارک کے محکمہ صحت کے مطابق پولیو کا یہ کیس انتہائی متعدی ہے جو امریکہ سے باہر کہیں اور پیدا ہوا تھا۔
ہیلتھ کمشنر ڈاکٹر پیٹریسیا روپرٹ نے کہا ہے کہ مذکورہ شخص کے اہل خانہ اور ان تمام افراد اور ان کے قریبی رابطوں کا سروے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریض اب پولیو کے جراثیم پھیلانے کے قابل نہیں رہا، تاہم انہوں نے یہ واضح کیا کہ متاثرہ شخص کو پولیو کی ویکسین نہیں لگی ہوئی تھی۔