چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بن نے کہا ہے کہ گوادر سمیت سی پیک کے تمام منصوبوں کا مقصد معاشی ترقی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہے، ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔
بیجنگ –(اے پی پی): چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بن نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے اہم منصوبے گوادر پورٹ کا ہدف ترقی اور لوگوں کی معاشی زندگی میں بہتری لانا ہے جبکہ گوادر پورٹ پر مکمل ہونے والے تمام منصوبوں نے تعلیم کے مواقع پیدا کرنے ، ملازمتوں کے لیے درکار مہارتوں کو بہتر بنانے اور کورونا وائرس کے خلاف اقدامات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت ایک تاریخی اور مرکزی پروگرام ہے۔ سی پیک نے 2013ء میں آغاز کے بعد سے نتیجہ خیز اور قابل ذکر نتائج حاصل کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کا اہم منصوبہ ہے جس کا ہدف ترقی اور لوگوں کی معاشی زندگی میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کےمکمل ہونے والے اہم منصوبوں چائنا پاکستان گوادر فقیر مڈل سکول، گوادر میں پیشہ ورانہ تربیت کا ادارہ، اور گوادر میں چائنا پاکستان فریٹرنٹی ایمرجنسی کیئر سنٹرنے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچانے، تعلیم کے مواقع پیدا کرنے، ملازمتوں کیلئے درکار مہارتوں کو بہتر بنانے اور کورونا وائرس کے خلاف اقدامات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے، گوادر پورٹ سمیت سی پیک کے تمام منصوبوں کی تعمیر اور انہیں چلانے، دونوں ممالک میں لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے میں زیادہ مثبت کردار ادا کرنے، نئے مشترکہ مفاد مستقبل کے ساتھ چین پاکستان کمیونٹی کو قریب لانے کے لیے کام کرنے کے لیے تیار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں طویل عرصے سے لوگوں کی معاشی زندگی کو بہتر بنانے، لوگوں کی فلاح و بہبود اور مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچانے پر توجہ دی جارہی ہے۔چین سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ مقامی لوگوں کو مزید فائدے پہنچائے جاسکیں۔