بھارت میں ففتھ جنریشن (5 جی) ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کے حوالے سے اہم ترین پیشرفت سامنے آئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں 2023ء میں 5 جی سروس کو متعارف کرایا جانا ہے اور اس حوالے سے وہاں پہلے 5 جی اسپیکٹرم لائسنس کی نیلامی 26 جولائی کو ہورہی ہے۔ بھارت کے پہلے فائیوجی لائسنس خریدنے کی دوڑ میں ریلائنس جیو، ائیر ٹیل، ووڈا فون آئیڈیا اور ایشیا کے امیر ترین شخص گوتم اڈانی شامل ہوں گے۔
بھارتی میڈیا نے بتایا ہے کہ 72 گیگا ہرٹز کے 5 جی اسپیکٹرم کا لائسنس جیتنے والے کو 20 سال تک اس کے حقوق حاصل رہیں گے، یہ لائسنس 14 ارب ڈالرز تک فروخت ہونے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈانی گروپ پہلی بار موبائل فون سروسز کے حصول کی کوشش کررہا ہے اور یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس معاملے میں مکیش امبانی اور گوتم اڈانی ایک دوسرے کے مدمقابل آسکتے ہیں۔
حالیہ رپورٹ کے مطابق بھارت میں 2027ء تک 5 جی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 50 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔