گال ٹیسٹ میں 508 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری، کم روشنی کے باعث کھیل روک دیا گیا

27  جولائی  2022

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 508 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 89 رنز  بنا لیے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا تاہم عبد اللہ شفیق 16 رنز بنا کر 42 کے مجموعے پر جے سوریا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان نے 28 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر  89 رنز بنائے تھے کہ خراب روشنی کے باعث کھیل روک دیا گیا، کھیل روکا گیا تو امام الحق 46 اور بابر اعظم 26 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

پاکستان کو سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 508 رنز کے حصول کے لیے مزید 419 رنز درکار ہیں۔

قبل ازیں سری لنکا نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز 360 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لیے 508 رنز کا پہاڑ جیسا دیا تھا۔

گال ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 176 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو دمتھ کرونا رتنے 27 اور دننجیا ڈی سلوا 30 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور کرونا رتنے 61 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر عبد اللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ ڈونتھ ویلا لگے 18 رنز بنا کر محمد نواز کاشکار بنے۔

دوسری جانب ڈی سلوا نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور شاندار سنچری مکمل کی،  ڈی سلوا 109 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے تو کپتان کرونا رتنے نے 360 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کے لیے 508 رنز کا ہدف دے دیا۔

یاد رہے کہ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائےتھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 231 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved