گوگل میپس میں ایک نئے لوکیشن شیئرنگ فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے آپ جان سکیں گے کہ آپ کے پیارے اس وقت کس مقام پر ہیں۔
یہ فیچر اسی وقت کام کرے گا جب دوستوں یا رشتے داروں کی جانب سے آپ کے ساتھ لوکیشن شیئر کی گئی ہو۔
گوگل میپس کا یہ لوکیشن شیئرنگ فیچر آپ کو بتائے گا کہ آپ کے دوست یا رشتے دار کس مقام پر اکٹھے ہیں یا کب وہاں سے چلے گئے ہیں۔
یہ فیچر ایسے صارفین کے لیے کارآمد ہوگا جو کسی دوست یا رشتے دار کی خیریت کے حوالے سے پریشان ہوں یا کسی جگہ لوگوں سے ملنا چاہتے ہوں۔
یہ فیچر آنے والے ہفتوں میں آئی فون اور اینڈرائیڈ صارفین کو دستیاب ہوگا۔
یہ فیچر جب متعارف کرا دیا جائے گا تو اسے استعمال کرنے کے لیے پروفائل فوٹو پر کلک کرکے لوکیشن شیئرنگ کے آپشن میں جانا ہوگا۔
اس کے بعد اس فرد کا انتخاب کریں جس کی لوکیشن نوٹیفکیشن آپ موصول کرنا چاہتے ہوں اور جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر اسی وقت کام کرے گا جب وہ فرد آپ کے ساتھ لوکیشن شیئر کرچکا ہو۔
اس کے بعد اس فرد کے ایڈریس کو ایڈ کرنا ہوگا تاکہ لوکیشن اپ ڈیٹس مل سکیں اور پھر اس لوکیشن کا انتخاب کرنا ہوگا جو اس فرد کی منزل ہو۔
آخر میں ارائیونگ یا لیونگ کے نوٹیفکیشنز کو ایڈ کرکے سیو کرنا ہوگا۔
ایسا کرنے کے بعد آپ کی جانب سے اس فرد کو ایک الرٹ میں آگاہ کیا جائے گا کہ آپ نے اس کا نام لوکیشن میں ایڈ کیا ہے۔
اس کے بعد جب وہ فرد کسی مخصوص مقام پر آئے گا یا وہاں سے چلا جائے گا تو آپ کو نوٹیفکیشن موصول ہوگا۔