جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے ورزش کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں مگرمسلز کو مضبوط بنانے کے لیے کتنے وقت کی ضرورت ہوتی ہے؟
کبھی کبھار سخت ورزش کے مقابلے میں مستقل مزاجی سے کچھ وقت روزانہ ورزش کے لیے نکالنا مسلز کی مضبوطی کے لیے زیادہ ضروری ہوتا ہے۔
یہ بات آسٹریلیا اور جاپان کے زیرتحت ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
ایڈتھ کوون یونیورسٹی اور Nishi Kyushu یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں 3 گروپس کو شامل کیا گیا جو ہاتھوں کے مسلز مضبوط بنانے کی ورزش 4 ہفتوں تک کرتے رہے۔
2 گروپس ہفتے میں صرف ایک دن زیادہ سخت ورزش کرتے تھے جبکہ ایک گروپ ہفتے میں 5 دن تک کچھ وقت کے لیے ورزش کرتا تھا۔
4 ہفتوں بعد دریافت ہوا کہ ہفتے میں ایک بار ورزش کرنے والے افراد کے مسلز کے حجم یا مضبوطی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
مگر ہفتے میں 6 دن ورزش کرنے والے افراد کے مسلز کے حجم میں 10 فیصد اضافہ ہوا۔
اس سے قبل بھی ایک تحقیق میں بھی دریافت کیا گیا تھا کہ ہفتے میں 5 دن صرف چند منٹ کی ورزش بھی جسمانی صحت کو بہتر بنانے کے لیے کافی ہوتی ہے۔
اس نئی تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ لوگ سوچتے ہیں کہ ہفتے میں ایک یا 2 دن جم میں زیادہ دیر تک ورزش کرنا فائدہ مند ہوتا ہے مگر یہ خیال درست نہیں، روزانہ کچھ وقت کی ورزش کرنا عادت بنانا اس حوالے سے فائدہ مند ہے۔
اگرچہ تحقیق میں صرف ہاتھوں کے مسلز کا جائزہ لیا گیا تھا مگر محققین نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ دیگر مسلز کو بھی یہی فائدہ ہوتا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جسمانی سرگرمیاں مختلف ہوسکتی ہیں مگر یہ ضروری ہے کہ انہیں معمول بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ چاہے کم وقت کے لیے ہی کیوں نہ ہو مگر ویٹ ٹریننگ کو معمول بنانا بھی مسلز کی مضبوطی کے لیے فائدہ مند ہے۔