پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کے کوچنگ اسٹاف نے آئندہ ماہ ہونے والے ساف کپ کیلئے 23 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو فائنل کرلیا ہے۔
2014 میں پاکستان کا آخری ایونٹ کھیلنے والی ٹیم کی 7 پلیئرز 2022 کے ٹورنامنٹ کیلئے اسکواڈ میں شامل کی گئی ہیں۔ ٹیم کا باضابطہ اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے 6 ستمبر سے ہونیوالے ساف ویمن کپ کیلئے 23 کھلاڑیوں کو منتخب کرلیا ہے۔
ان میں ہاجرہ خان، ملیکہ نور، نشا اشرف، روشنان علی، سحر زمان، ماہ پارا شاہد اور ذولفیا نذیر بھی شامل ہیں جو 2014 میں اسلام آباد میں ہونیوالی ساف چیمپئن شپ کی ٹیم میں شامل تھیں۔
2014 کے اس ایونٹ کیلئے کیمپ میں شریک عاتکہ ناصر بھی ساف کپ کیلئے منتخب پلیئرز میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق دو اوور سیز پلیئرز نادیہ خان اور ماریہ خان بھی ساف کپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی جبکہ ماضی میں ایج گروپ کھیلنے والی پلیئرز رامن فرید، مشال اکرم اور ملیحہ ناصر بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
ان کے علاوہ علینہ اصفہانی، انمول ہیرا، غزالہ امین، خدیجہ کاظمی ، ماروی بیگ ، سارہ خان، نزالیہ صدیقی، شاہدہ امین، شانزے نذیر اور سوہا ہیرانی بھی ساف کپ کیلئے منتخب ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایونٹ کیلئے پاکستان ٹیم کا باضابطہ اعلان ایک دو روز میں کردیا جائے گا۔