ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ کے تیسرے میچ میں افغانستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی ہے۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلادیش اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ 2022 کے گروپ اسٹیج کا تیسرا میچ کھیلا گیا جس میں افغانستان نے بنگلادیش کو باآسانی شکست دے دی۔بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے غلط ثابت ہوا جب کہ افغانستان نے بنگلادیش کی ٹیم کو صرف 127 رنز تک ہی محدود رکھا۔
بنگلادیش نے 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے جب کہ مصدق حسین 48 رنز بناکر نمایاں رہے، محمود اللہ 25 اور مہدی حسن 14 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان اور راشد خان نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں افغان بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مقررہ ہدف 18.3 اوورز میں ہی پورا کرلیا، نجیب اللہ زدران نے 43 اور ابراہیم زدران نے 42 رنز اسکور کیے۔