معروف سرچ انجن گوگل نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پانچ لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گوگل جنوب مشرقی ایشیا کی نائب صدر سٹیفنی ڈیوس نے لنکڈ ان پر پوسٹ کیا کہ ٹیک جائنٹ یہ رقم جو تقریبا 110 ملین روپے کے برابر ہے، Google.org کے ذریعے سینٹر فار ڈیزاسٹر فلانتھروپی کو عطیہ کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سینٹر فار ڈیزاسٹر فلانتھروپی اس کے نتیجے میں مقامی تنظیموں کو ذیلی گرانٹ فراہم کرے گا جو بحران سے نمٹنے اور بحالی کے لیے عمل پیرا ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب کو سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھتے دیکھا، ہم پاکستانیوں کےجذبے سے متاثر ہوئے ہیں اور ہم بھی مدد کرنا چاہتے ہیں۔
اسٹیفنی ڈیوس کا کہنا ہے کہ گوگل کمپنی دیگر وسائل سے بھی پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کرے گی۔