زمبابوے نے تیسرے ون ڈے میں آسڑیلیا کو پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر 3 وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دیدی۔ اس سے قبل زمبابوے نے آسڑیلیا کے خلاف 8 برس پہلے ون ڈے میچ میں ہرایا تھا۔
ٹاؤنز ویلی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں زمبابوے کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت ہوا۔ زمبابوین باؤلرز کے سامنے ماسوائے ڈیوڈ وارنر کے کوئی آسڑیلوی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔
آسڑیلیا کی پوری ٹیم 31 اوورز میں صرف 141 رنز کا مجموعہ ترتیب دے سکی، آسڑیلیا کے 9 بلے باز ڈبل فگر ہی عبور نہ کرپائے، اوپنر ڈیوڈ وارنر 94 رنز بناکر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔ گلین میکسویل 19 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
اوپنر ایرون فنچ 5، سٹیون سمتھ ایک، وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیری 4، مارکس اسٹوئنس اور کیمرون گرین 3، 3 رنز بناسکے، ایشٹن ایگر اور جوش ہیزل ووڈ بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔ مچل اسٹارک 2 اور ایڈم زمپا محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔
زمبابوے کی جانب سے ریان برل نے 5 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، بریڈ ایونز نے 2، رچرڈ نگروا، وکٹر نیوچی اور سین ولیمز کے ہاتھ ایک، ایک وکٹ آئی۔
جواب میں زمبابوے نے کپتان ریگیس چکابوا کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت 142 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر تادیوانشے مارومانی 35، کپتان ریگیس چکابوا 37، کیتانو 19 اور ٹونی مونیونگا 17 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 3، مچل اسٹارک، کیمرون گرین، مارکس اسٹوئنس اور ایشٹن ایگر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کو زمبابوے کے خلاف 2-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔