نیویارک میں پولیو کا کیس اور سیوریج پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس سامنے آنے کے بعد شہریوں میں خوف کے سائے پھیل گئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقامی آبادی میں پولیو ویکسی نیشن کی اہمیت زور پکڑ گئی ہے، امریکہ میں ایک دہائی کے بعد گزشتہ جولائی میں پولیو کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ میں دو ہزار 13 کے بعد پولیو وائرس کا شکار ایک ایسا نوجوان ہوا جسے پولیو ویکسین نہیں لگائی گئی تھی، نیویارک کی راک لینڈ کاؤنٹی کا رہائشی متاثرہ نوجوان پولیو ویکسین سے خائف آرتھوڈوکس یہودی کمیونٹی سے تعلق رکھتا ہے۔
پولیو کیس سامنے آنے کے بعد یہودی روحانی پیشواؤں نے پولیو ویکسین لگوانے پر زور دینا شروع کر دیا ہے، محکمہ صحت کے حکام بھی لوگوں کو پولیو ویکسین لگوانے پر زور دے رہے ہیں، راک لینڈ کاؤنٹی میں مفت پولیو ویکسین لگانے کی پیشکش کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس پاکستان میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد بھی 15 تک پہنچ گئی ہے۔