ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو آخری اوور میں شکست دے کر گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔
میچ کی آخری گیند تک جہاں شائقین کرکٹ کی دل کی دھڑکنیں اوپر نیچے ہوتی رہیں وہیں پاکستانی کرکٹرز بھی ڈریسنگ روم میں سانسیں روکے نظر آئے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ میچ آخری اوور تک گیا جہاں پانچویں گیند پر افتخار احمد نے اپنی ٹیم کو فتح دلاوا دی۔
شیئر کی گئی ویڈیو میچ کے آخری اوور کی ہے جس دوران کپتان بابر کو شیشے کے پاس کھڑے پریشان سی صورتحال میں میچ دیکھتے دیکھا جا سکتا ہے، دوسری جانب فاسٹ بولر نسیم شاہ، شاداب اور حارث رؤف بیٹھے منہ پر ہاتھ رکھے میچ دیکھ رہے ہیں۔
پریشانی میں حارث کو شاداب کا کندھا تھامے بھی دیکھا گیا، نسیم شاہ کبھی بیٹھے تو کبھی پریشانی میں حسنین کے ساتھ کھڑے نظر آئے لیکن جو چیز قابل غور ہے وہ جیت پر شاداب کا بچوں کی طرح غیر یقینی سی کیفیت میں اچھلنا ہے۔
جیت کے بعد شاداب خوشی کے مارے اچھلتے دیکھے گئے اور بابر اور دیگر کھلاڑیوں سے جذبات میں گلے ملتے بھی دیکھے گئے۔
واضح رہے میچ کے آخری اوور میں پاکستان کو جیتنے کے لیے سات رنز درکار تھے، اور کریز پر آصف علی اور خوشدل شاہ موجود تھے۔
The raw emotions, the reactions and the celebrations 🤗
🎥 Relive the last over of Pakistan's thrilling five-wicket win over India from the team dressing room 👏🎊#AsiaCup2022 | #INDvPAK pic.twitter.com/xHAePLrDwd
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 4, 2022
آصف علی نے اس اوور میں چوکا لگا کر پاکستان کو جیت کے قریب کر دیا مگر وہ اوور کی چوتھی گیند پر آوٹ ہو گئے۔ ان کے بعد افتخار احمد کریز پر آئے اور انہوں نے کوئی گیند ضائع کیے بغیر ہی سیدھے شاٹ کھیلی اور دو رنز بنا کر میچ ختم کر دیا۔