افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی کا کہنا ہے کہ یہ نسیم شاہ کا دن تھا، نسیم شاہ میں صلاحیت ہے، پی ایس ایل میں انہیں دیکھا ہوا ہے۔
میچ کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں شکست کا دکھ ہوا، ہاکستان کے خلاف ہمیشہ کلوز میچ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی توقع نہیں تھی کہ ہم باہر ہوں گے، یہ ہمارا بھی ہوم گراؤنڈ ہے، ہم نے یہاں بہت کرکٹ کھیلی ہوئی ہے۔
محمد نبی نے کہا کہ بھارت کی بھی توقع نہیں تھی کہ باہر ہو گی، بھارت کی ٹیم اچھی ہے۔ افغان کپتان نے کہا کہ ہم نے ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا کیا تھا، آخری دو گیمز میں شکست ہوئی جس کی ہم توقع نہیں کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے، 100 فیصد دینے کی کوشش کی، کراؤڈ آج بہت اچھا تھا، انہوں نے ہمیں بہت اسپورٹ کیا۔
پاکستانی بیٹر آصف علی اور بولر کے درمیان تلخ کلامی کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ میں باؤنڈری پر تھا، مجھے نہیں علم بولر اور بیٹر کے درمیان پچ پر کیا ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اچھی کارکردگی میں عمر گل کا کردار بھی ہے، عمر گل انٹرنیشنل تجربہ رکھتے ہیں، ٹی ٹوئنٹی میں ہم اچھی ٹیم ہیں۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔