انار دنیا کے تمام خطوں میں مرغوب اور مقبول پھل ہے۔ ماہرین بھی اسے ایک سپرفوڈ کے طور پر پیش کرتے ہیں جو ذیابیطس کو روکتا ہے اور دل کی حفاظت کرتا ہے۔
اس کے علاوہ انارعلاج بالغذا کی ایک بہترین مثال ہے جو کئی بیماریوں سے بچاتا ہے۔ اس حوالے سے ماہرین کا کہنا کہ فلے وینوئڈز، اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگرغذائی اجزاء سے بھرپور انار ہمارے جسم کو اندرونی طور پر ایک نئی تازگی بخشتا ہے۔
وٹامن اے، سی اور دیگر قیمتی اینٹی آکسیڈنٹس کی وجہ سے انار دل و دماغ کا بھی دوست ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ اس کا رس پینے سے بہتر ہے کہ چبا کر کھایا جائے تاکہ فائبر اور دیگر اجزاء بھی جسم میں پہنچ سکیں۔ بعض اناروں میں سبزچائے سے زیادہ اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جو ایل ڈی ایل یا مضر کولیسٹرول کم کرتا ہے۔
پولی فینول عمررسیدگی کو خلوی سطح تک روکتے ہیں اور خون کی روانی کو برقرار رکھتے ہیں۔ اس میں فائبر، فولیٹ، پوٹاشیئم اور وٹامن کے بھی خوب پایا جاتا ہے۔ یہ دل کی رگوں میں مضر چکنائی جمع ہونے سے قبل ہی انہیں روکتا ہے۔ اس کے علاوہ رگوں کی بندش اور توند کو بھی کم کرتا ہے۔
انار کا رس بلڈ پریشر کو معمول پر رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ انسولین کی صورتحال بھی بہتر کرتا ہے۔ کئی تحقیقات سے ثابت ہوا ہے ذیابیطس کے مریضوں کو اس سے بہت فائدہ ہوسکتا ہے۔ اس میں اندرونی سوزش کم کرنے والے اہم اجزاء بھی موجود ہوتے ہیں۔