ریاض (ایس پی اے، این این آئی): جوہری ہتھیاروں کا پھیلاؤ روکنے کے عالمی دن کے موقع پر جنرل اسمبلی کے ایک خصوصی اجلاس سے ورچوئل خطاب میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کا کہنا تھا کہ ایران کا متنازع جوہری پروگرام کو فروغ دینا اور جوہری سرگرمیوں میں اضافہ کرنا اس کے پرامن جوہری پروگرام کے دعووں کی نفی کرتا ہے۔ہم نہیں چاہتے کہ پرامن مقاصد کے حصول کے نام پر جوہری ہتھیار حاصل کرکے ایران انہیں فوجی مقاصد کیلئے استعمال کرے۔
بین الاقوامی برادری ایران کی مسلسل جوہری خلاف ورزیوں اور جوہری معاہدے سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں کے اصولوں کی پامالیوں کی روک تھام کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ سعودی عرب ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کیلئے عالمی کوششوں کی حمایت کرے گا۔
خیال رہے گذشتہ دنوں ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کیلئے امریکی اور اسرائیلی حکام کی خفیہ میٹنگز کا انکشاف ہوا تھا جس میں ایران کے خلاف اقدامات اٹھانے کیلئے پلان بی کے نکات بھی طے کئے گئے تھے، جبکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جوہری پروگرام کے حصول کیلئے ایران ریڈ لائنز کراس کر چکا ہے، اسے کسی صورت ایٹم بم نہیں بنانے دیں گے اور اس مقصد کیلئے کسی بھی قسم کی کاروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔