محکمہ صحت سندھ نے کہا ہےکہ کورونا کے اومی کرون ویرینٹ سے متاثرہ خاتون کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔
سندھ کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ متاثرہ خاتون کی عمر 65 سال ہے اور انہوں نے ویکسی نیشن نہیں کرائی تھی، جبکہ متاثرہ خاتون کی کوئی ٹریول ہسٹری بھی سامنے نہیں آئی ہے۔ اومی کرون سے متاثرہ خاتون کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں، اور اب وہ صحت یاب ہوکر گھر جاچکی ہیں، مزید بتایا گیا کہ خاتون کے شوہر سمیت گھر کے 2 افراد بھی کورونا سے متاثر ہیں۔
دوسری جانب نجی ہسپتال کی انتظامیہ نے بھی خاتون کی کوئی ٹریول ہسٹری نہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق اومی کرون کے شُبے میں خاتون سمیت 4 افرادکا ٹیسٹ کیا گیا تھا ، اوران چاروں افراد کو نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، 2 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ، جبکہ ایک مریض کے ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے۔ان چار افراد میں سےصرف ایک شخص نے ویکسی نیشن کرائی ہوئی ہے۔