پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی گیٹ منی اکٹھی کی جو اس نے وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کروادی۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ کرکٹ نے ایک مرتبہ پھر پوری قوم کو متحد کرنے میں مدد کی۔انہوں نے کہا کہ اس عظیم مقصد میں حصہ ڈالنے پر تمام شائقینِ کرکٹ کے مشکور ہیں۔رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پی سی بی تمام سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑا ہے۔چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین نے کہا کہ کراچی کے تماشائیوں نے مون سون کی بارشوں سے آنے والے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے اپنا حصہ ڈالا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے ذریعے فنڈز میں ایک چھوٹا حصہ ڈالنا پی سی بی کے لیے اعزاز ہے۔فیصل حسنین کے مطابق یہ حصہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں کام آئے گا، ضرورت کے اس وقت میں عوام کا متحد ہونا قابل ستائش ہے۔