سی این این کی اینکر کا سکارف پہننے سے انکار، ایرانی صدرنے انٹرویو منسوخ کردیا

22  ستمبر‬‮  2022

ایران کے صدرابراہیم رئیسی نے امریکہ کے کیبل نیوزنیٹ ورک (سی این این) کی عالمی شہرت یافتہ صحافیہ کرسٹین امان پور کے ساتھ طے شدہ انٹرویو منسوخ کردیا ہے، ان کے اس فیصلہ کا سبب یہ بنا ہے کہ امان پورنے ابراہیم رئیسی کے مطالبے کے مطابق سرپوش اوڑھنے سے انکارکردیا تھا۔

ایرانی نژاد برطانوی صحافی امان پور نے ٹویٹر پر اس معاملے کی تفصیل سے متعلق ایک تھریڈ پوسٹ کیا ہے، جس میں انہوں نے  بتایاہے کہ انٹرویو کے آغاز کیلئے 40 منٹ انتظار کرنے کے بعد انہیں کس رویے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

امان پور نے بتایا کہ انٹرویو کا وقت شروع ہونے کے 40 منٹ بعد ایرانی صدر کا ایک معاون آیا۔اس نے کہا کہ صدرابراہیم مجھے (امان پورکو)حجاب پہننے کا مشورہ دے رہے ہیں کیونکہ یہ محرم اور صفر کے مقدس مہینے ہیں۔

امان پور کا کہنا تھا کہ میں نے شائستگی سے اس تجویز کو ماننے سے انکار کردیا اور نیویارک میں اپنی موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے  کہاکہ یہاں کسی بھی قانون یا روایت میں حجاب پہننے کی ضرورت نہیں ہے۔

لیکن معاون نے کہا کہ اگر وہ صدر ابراہیم رئیسی کے مطالبے پرعمل نہیں کرتی ہیں تو کوئی انٹرویو نہیں ہوگا۔ امان پور کے مطابق انہوں  نےمعاون سے کہا کہ یہ احترام کا معاملہ تھا اورایران کی صورت حال کا حوالہ دیا جہاں نامناسب حجاب اوڑھنے کی پاداش میں ایک نوجوان خاتون کی ہلاکت کے ردعمل میں اس وقت ملک گیر مظاہرے جاری ہیں، لیکن اس کے باوجود بھی ایرانی صدر انٹرویو کیلئے نہیں آئے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved