سعودی مملکت کا 92 واں یوم الوطنی، تمام شہروں میں تقریبات کا آغاز

22  ستمبر‬‮  2022

سعودی عرب کے 92 ویں قومی دن کے موقع پرملک بھر کے شہریوں نے ریاست کے ساتھ اپنی حب الوطنی، محبت اور وفاداری کا اظہارکیا ہے، اور مملکت میں پریڈ، آتش بازی اور تفریحی شوز کے ذریعہ جشن منانے کی تیاریاں عروج پر ہیں، اور اس سلسے میں تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

دارالحکومت الریاض شہر کی مرکزی شاہراہوں کو قومی پرچم سے سجایا گیا ہے، ٹاورزاور عمارتوں کو سبز روشنیوں سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔

رواں ہفتے کے اوائل میں سعودی عرب کی تفریح اتھارٹی نے مملکت کے 92 ویں قومی دن کے موقع پرمنعقد کی جانے والی شاندار تقریبات کا اعلان کیا تھا۔ سعودی عرب کا قومی دن جمعہ 23 ستمبر کو ہے اور اس دن سے مختلف شہروں میں دس روزہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

قومی دن کے موقع پر شاہی سعودی فضائیہ کے لڑاکاطیارے ٹائفونز، تارنیڈوز اور ایف 15 وغیرہ جدہ میں فضائی شو میں حصہ لیں گے۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق یہ فضائی شو اور دیگر تقریبات 10 روز تک مختلف شہروں میں جاری رہیں گی۔

شاہی محافظ دستہ الریاض اور جدہ کے راستے فوجی بینڈ کی قومی ترانے کی دھن پر پریڈ کرے گا اور ان کے بعد کلاسیک کاروں کا جلوس نکالا جائے گا۔ رائل سعودی نیول فورسز گھڑسواروں کے مارچ کے علاوہ خصوصی میری ٹائم سکیورٹی گروپ کے جہازوں پر مشتمل بحری پریڈ ہوگی اور جدہ اور الخبرمیں فضائی ہیلی کاپٹر بھی پریڈ میں حصہ لیں گے۔

الریاض میں واقع شہزادی نورہ بنت عبدالرحمن یونیورسٹی کے تھیٹر میں خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا سرکس دوسولیل شو دی ویلتھ آف اے نیشن (ایک قوم کی دولت) 21 سے 24 ستمبر تک پیش کیا جائے گا، جس میں محمد عبدہ، عبادی، الجواہر، رابح صقر، مجید المہندس، احلام، انغام اور احمد سعد سمیت عرب موسیقار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

وزارت داخلہ اپنے طورپربھی قومی دن کی مناسبت مختلف تقریبات کا اہتمام کررہی ہے جس میں فوجی بینڈ کی براہ راست موسیقی اور دیگر پرفارمنس شامل ہوں گی۔

مملکت بھر کے 18 شہروں کی فضاؤں پر آتش بازی کا بڑا مظاہرہ کیا جائے گا اور عوامی پارک تاریخ اور ورثہ نمائشوں کی میزبانی کریں گے۔ مدینہ منورہ میں شہزادہ محمد بن عبدالعزیز اسپورٹس سٹی میں ایک تھیٹریکل پرفارمنس منعقد کی جائے گی جس میں مملکت کی تاریخ بیان کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ہرسال 23 ستمبر کو سعودی عرب کا قومی دن 1932ء میں شاہ عبدالعزیز کی طرف سے نجد اور حجاز کے اتحاد پرمشتمل مملکت کے قیام کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اسے شاہ عبداللہ نے 2005ء میں قومی تعطیل قراردیا تھا اور یہ یوم تاسیس سے مختلف ہے۔ یہ ایک نئی چھٹی ہے جو فروری 2022ء میں 1727ء میں پہلی سعودی ریاست کے قیام کے موقع پر متعارف کرائی گئی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved