متحدہ عرب امارات 150 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا ہدف حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے، اماراتی سفیر

23  ستمبر‬‮  2022

پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے کہا ہےکہ یو اے ای تجارت اور سرمایہ کاری کا مرکز بنتا جا رہا ہے اور 2030ء تک 150 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے حصول کیلئے کوشاں ہے،پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے یہی مناسب وقت ہے کہ وہ سرمایہ کاری کے لیے متحدہ عرب امارات پر خصوصی توجہ دیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یو اے ای سفارتخانے کے تعاون سے منعقدہ ایکسپلور یو اے ای ایونٹ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اماراتی سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش ملک ہے کیونکہ اس میں سرمایہ کاری پر ٹیکس ریٹ بہت کم ہے جبکہ اس کی مین لینڈ اور فری زونز دونوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ، اسٹوریج و تعمیرات، زراعت، صنعتی مینوفیکچرنگ، قابل تجدید توانائی، ہاسپی ٹیلٹی،، انفارمیشن و کمیونیکیشن، پیشہ ورانہ، سائنسی اور تکنیکی سرگرمیاں، انتظامی اور معاون خدمات، تعلیمی سرگرمیاں، ہیلتھ کئیر اور فنون لطیفہ سمیت متحدہ عرب امارات میں متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے پاکستان کے سرمایہ کار فائدہ اٹھا نے کی کوشش کریں۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے اقتصادی مشیر احمد محمد الجنیبی نے اس موقع پر کاروباری برادری کو انویسٹ ایمریٹس کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن بھی دی۔

اسلام آباد چیمبر کے صدر محمد شکیل منیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان اہم تجارتی پارٹنر ہے تاہم پاکستان یو اے ای کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چا ہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 2021-22ء میں دوطرفہ تجارت 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے تاہم دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو قریب لا کر اس کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved