وفاقی وزیربرائے آئی ٹی اور فیس بک کے اعلیٰ سطحی وفد سے پاکستان میں رابطہ آفس کھولنے اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رومانیہ میں وفاقی وزیرآئی ٹی سید امین الحق کی فیس بک کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات کے دوران فیس بک کی مالک میٹا سے پاکستان میں جلد اپنا رابطہ آفس کھولنے اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا ہے۔
اس دوران وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان کی بائیس کروڑ کی آبادی میں فیس بک صارفین کی تعداد ساڑھے 4 کروڑ سے زائد ہے اور جس تیزی سے کنکٹیویٹی فراہمی کے منصوبے مکمل کررہے، آئندہ چند سال میں یہ تعداد ڈبل ہوجائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ضروری ہے کہ فیس بک صارفین سے فوری رابطوں کیلئے پاکستان میں اپنا دفتر قائم کرے۔
سید امین الحق / فیس بک حکام سے ملاقات
وفاقی وزیرآئی ٹی سید امین الحق کی رومانیہ میں فیس بک کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات. فیس بک کی مالک میٹا سے پاکستان میں جلد اپنا رابطہ آفس کھولنے اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال. #MOITT #DigitalPakistan #connectivity #Facebook #meta pic.twitter.com/7johdkVSph
— Ministry of IT & Telecom (@MoitOfficial) September 28, 2022
اس موقع پر میٹا کی جانب سے پاکستان میں تیزی سے پھیلتی کنکٹیویٹی اور انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔فیس بک وفد نے کہا کہ میٹاورس کے استعمال اور انٹرنیٹ مستقبل کیلئے باہمی تعاون کی ضرورت ہے اور اس سے م پاکستان طویل مدتی معاشی فوائد حاصل کرسکتا ہے۔
وفد کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ جلد ہی پاکستان کا دورہ کیا جائیگا۔
خیال رہے کہ ملاقات میں اقوام متحدہ جنیوا آفس میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی، پاکستانی سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال شریک تھے جبکہ چیف ایگزیکٹیو یونیورسل سروس فنڈ حارث محمود چوہدری نے وفد کو پاکستان میں براڈ بینڈ سروسز پراجیکٹس سے آگاہ کیا اور فیس بک وفد میں ڈاکٹراسماعیل شاہ،ڈاکٹر رابرٹ پیپر،تھامس ناوین،مائیکل سیٹلن،مارک گیرورڈ اور الاریا بینسیوینگا شامل تھے۔