اس مشروب کو پینا صحت کے لیے کیوں ضروری ہے؟

29  ستمبر‬‮  2022

روزانہ 2 سے 3 کپ کافی پینے کی عادت زندگی کا دورانیہ بڑھانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

بیکر ہارٹ اینڈ Diabetes ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کافی پینے کی عادت دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ کم کرنے کے لیے بھی مفید ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ 2 سے 3 کپ کافی پینے سے اگلے ساڑھے 12 سال کے دوران مختلف امراض سے موت کا خطرہ 27 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔

اس تحقیق میں 4 لاکھ 49 ہزار سے زائد ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو امراض قلب سے محفوط تھے۔

ان افراد سے سوالنامے بھروائے گئے تاکہ معلوم ہوسکے کہ وہ روزانہ کتنے کپ کافی پیتے ہیں اور کافی کی کونسی قسم انہیں پسند ہے۔

اس کے بعد اس گروپ کے ڈیٹا کا موازنہ ایسے افراد سے کیا گیا جو اس گرم مشروب سے گریز کرتے تھے۔

عمر، جنس، موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر اور دیگر عناصر کو بھی اس حوالے سے مدنظر رکھتے ہوئے دونوں گروپس کا جائزہ ساڑھے 12 سال تک لیا گیا۔

اس عرصے میں27 ہزار 829 افراد ہلاک ہوئے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ کافی پینے کی عادت سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوجاتا ہے بالخصوص اگر روزانہ 2 سے 3 کپ کافی پی جائے۔

اسی طرح تحقیق کے دوران 43 ہزار 173 افراد میں امراض قلب کی تشخیص ہوئی، مگر کافی پینے والے گروپ میں یہ خطرہ کم دریافت ہوا۔

اس تحقیق میں بتایا گیا کہ لوگوں کو کافی کی کسی بھی قسم کو پینا صحت مند طرز زندگی کا حصہ بنانے پر غور کرنا چاہیے۔

محققین کا کہنا تھا کہ کیفین کافی کا اہم جز ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ اس مشروب میں 100 سے زیادہ حیاتیاتی مرکبات موجود ہوتے ہیں جو صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ معتدل مقدار میں کافی پینے سے دل کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج یورپین جرنل آف Preventive Cardiology میں شائع ہوئے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved