مریم کی بریت، ثاقب نثار اور تحریک انصاف کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا، اسفند یار ولی

29  ستمبر‬‮  2022

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ثاقب نثار اور تحریک انصاف کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کردیا ہے۔

اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی بریت کے فیصلہ پر ردعمل پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہم بار بار کہہ رہے تھے کہ نیب کے ذریعے ایک مخصوص سیاسی جماعت کیلئے راہ ہموار کی جارہی ہے، سپریم کورٹ بھی کہہ چکی ہے کہ تفریق پر مبنی کیسز سے نیب اپنی افادیت کھوچکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج یہ بھی ثابت ہوا کہ ثاقب نثار اینڈ کمپنی نے مخصوص سیاسی جماعت کو فائدے دینے کیلئے فیصلے کئے، قانون سب کے لئے برابر ہے، اصل انصاف وہی ہوتا ہے جو فیصلوں سے نظر آئے، بہت جلد یہ بات بھی سامنے آجائے گی کہ یہ فیصلے کس کے دباؤ میں آکر کئے گئے، جس کیس میں مریم نواز کو سزا سنائی گئی تھی، بقول عدالت اس پر کیس ہی نہیں بنتا۔

انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار نے ہی ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کو تنخواہ نہ لینے کے جرم میں نااہل کیا، آف شور کمپنیاں عمران خان کی بھی نکل آئیں لیکن اس کو صادق اور امین قرار دیا گیا۔نیب قوانین بارے ان کا کہنا تھا کہ نیب قوانین پر پارلیمان میں بحث کی جائے اور ترامیم کی جائے، ترامیم کے بغیر مستقبل میں بھی نیب کو آلہ کار بنا کر چور راستے سے لوگوں کو لایا جائے گا، جب تک تمام ادارے اپنے دائرہ اختیار میں نہیں رہیں گے جمہوریت کو خطرات لاحق ہوں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved