واٹس ایپ نے اگست میں صارفین کے لیے ایک بہترین پرائیویسی فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین ناپسندیدہ واٹس ایپ گروپس خاموشی سے چھوڑ سکتے ہیں۔
ایسا کرنے پر گروپ ایڈمن کو تو ایک الرٹ سے علم ہوجائے گا مگر باقی اراکین کو اس کا علم نہیں ہوگا۔
اب یہ فیچر تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
یہ فیچر واٹس ایپس کے بڑے گروپس میں زیادہ کارآمد ہوگا جن کے میسجز کی بھرمار سے لوگ پریشان ہوجاتے ہیں۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ میں اس گروپ کی چیٹ ونڈو پر جائیں جس کو چھوڑنا چاہتے ہیں۔
چیٹ ونڈو اوپن کرنے کے بعد اوپر گروپ کے نام پر کلک کریں اور انفو پیج پر نیچے اسکرول کرکے ایگزٹ گروپ کے آپشن کا انتخاب کریں اور بس۔
ایسا کرنے پر آپ کے گروپ چھوڑنے کا علم ایڈمن کے سوا کسی اور کو نہیں ہوگا، البتہ دیگر اراکین گروپ کی تفصیلات کے پیج میں جاکر اس بارے میں جان سکتے ہیں۔
البتہ یہ فیچر اسی وقت کام کرے گا جب آپ کے فون میں واٹس ایپ کا تازہ ترین ورژن موجود ہوگا، ورنہ گروپ چھوڑنے پر اس کا علم تمام اراکین کو ہوجائے گا، جیسے پہلے ہوتا تھا۔