پاکستان کی باؤلنگ، فیلڈنگ اور بیٹنگ سب ناکام ہوگئی ۔ انگلینڈ نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز 4 ،3 سے اپنے نام کرلی ہے۔
کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا۔ پاکستانی باؤلرز انگلش بلے بازوں کو کم سکور پر روکنے میں ناکام رہے۔ اور مقررہ 20 اوورز میں انگلش بلے بازوں نے 209 رنز بنائے۔مہمان ٹیم کی طرف سے ڈیوڈ ملان نے سب سے زیادہ 78 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ہیری بروک نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے تین کھلاڑیوں میں سے بین ڈکٹ نے 30 ، ایلکس ہیلز نے 18 اور سالٹ نے 20 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے محمد حسنین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے باز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے ۔ فائنل میچ میں محمد رضوان چلا نہ بابر اعظم کا بلا رنز اگل سکا۔ شان مسعود نے ففٹی بنائی اس کے علاوہ مڈل آرڈر نے ایک بار پھر مایوس کیا اور کوئی بھی بلے باز کریز پر نہ ٹھہر سکا۔
پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 142 رنز بناسکی ۔ اس طرح انگلینڈ نے پاکستان کو 67 رنز سے شکست دیدی۔