سیلاب متاثرین کیلئے پاکستان اور اقوام متحدہ کی مشترکہ اپیل کا آغاز آج جنیوا میں ہو گا

3  اکتوبر‬‮  2022

پاکستان میں ہولناک سیلاب کی صورتحال کے بارے میں زمینی حقائق اور ضروریات کے تازہ ترین جائزے کی بنیاد پر حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کی جانب سے مشترکہ طور پر  کل منگل کو جنیوا میں ایک اعلیٰ سطح کی نظرثانی شدہ فلیش اپیل کا آغاز کیا جائے گا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر نظرثانی شدہ پاکستان فلڈ رسپانس پلان 2022ء کا اشتراک کیا جائے گا۔

بیان کے مطابق حکومت پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان جنیوا میں ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گی جبکہ منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال، اقتصادی امور کے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اسلام آباد سے ورچول شرکت کریں گے۔

اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر مارٹن گریف تھسنڈ اور ڈائریکٹر جنرل عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیڈروس اذانوم گیبریئسس پاکستان میں ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس کے ساتھ اقوام متحدہ کی نمائندگی کریں گے۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی مختلف ایجنسیاں اور آفات سے نمٹنے کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں بھی شرکت کریں گی۔

وزارت خارجہ کے مطابق فلڈ ریسپانس پلان حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان قریبی ہم آہنگی سے تیار کیا گیا ہے اور اس میں شدید سیلاب سے متاثر ہونے والے کمزور لوگوں کو ضروری امداد فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، یہ پاکستان میں حالیہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب پر حکومت کے مجموعی ردعمل کی تکمیل کرتا ہے۔

یاد رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 1660 سے بھی تجاوز کر گئی ہے، جبکہ 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد سیلاب سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved