سعودی عرب کا پاکستان کیلئے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کے معاشی پیکج کا اعلان

27  اکتوبر‬‮  2021

آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ کرانے کی درخواست کی تھی لیکن انہوں نے 4.2 ارب ڈالر کاپیکج دیا ہے، یہ رقم ہمارے لیے بہت مفید ہے اور اس رقم کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا  کہ  سعودی عرب سے گفتگو چل رہی تھی، معاہدے کے خدوخال اب طے ہوگئے ہیں، وزیراعظم کے حالیہ دورے میں سعودی عرب نے منظوری دی۔

سعودی عرب پاکستان کے معاشی پیکج میں محفوظ ذخائر میں 3 ارب ڈالر اور مؤخر ادائیگیوں پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے تیل کی فراہمی شامل ہے۔سعودی ترقیاتی فنڈ غیر ملکی کرنسی کے محفوظ اثاثوں میں سپورٹ اور کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر جمع کرائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے تین ارب ڈالر کے سٹیٹ بینک میں ڈپازٹ اور 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات میں فنانسنگ پر محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، ابھی بھی ایسے وقت میں تعان کیا گیا جب دنیا بھر کو اشیاءکی قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے۔

  وزیر اطلاعات فود چوہدری نے سعودی عرب کی طرف سے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں تین ارب ڈالر جمع کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ایک ٹوئٹر بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے سال کے دوران ایک ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کی ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی مالی سہولت کا بھی اعلان کیا ہے۔


سعودی ترقیاتی فنڈ نے بیان میں کہا ہے کہ ’شاہی ہدایت پر فنڈ سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر جمع کرائے جائیں گے تاکہ غیر ملکی کرنسی کے محفوظ اثاثوں اور کورونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں پاکستانی حکومت درپیش مسائل کا سامنا کرسکے۔سعودی ترقیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ ’شاہی ہدایت کے مطابق پاکستان کو تیل کے کاروبار کی مد میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کا فنڈ بھی ایک سال کے دوران فراہم کیا جائے گا- وفاقی وزیر پاور ڈویژن حماد اظہر نے سعودی عرب کی جانب سے معاشی امداد کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں تین ارب ڈالر جمع کرانے سے ہماری تجارت اور فاریکس اکاؤنٹس پر دباؤ کم ہوگا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کی حکومت ماضی میں بھی پاکستان کو نہ صرف مالی مدد فراہم کرتی رہی ہے بلکہ تاخیر سے ادائیگی پر تیلی کی فراہمی بھی یقینی بناتی رہی ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر 23 سے 25 اکتوبر تک سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کیا تھا۔ اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کی جانب سے منعقد کی گئی مڈل ایسٹ گرین انیشیٹیو کانفرنس میں شرکت کی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved