عرب فوجی اتحاد نے یمنی صوبے مارب میں مختلف کارائیوں اور فضائی حملوں میں 190 حوثی باغیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان عرب اتحاد کے مطابق یمنی شہر العیرف کے جنوب اور جبل البلق کے علاقوں میں عرب اتحاد کی کاروائیوں نے حوثی ملیشیاء کی پیش قدمی کو پسپا کر دیا ہے۔ اس دوران عرب اتحاد کے طیاروں کی بم باری سے مارب کے جنوبی اور مغربی محاذ پر حوثیوں کی 20 عسکری گاڑیاں اور ڈرون طیاروں کے کنٹرول یونٹس بھی تباہ کر دئیے گئے ہیں۔
عرب اتحاد کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق حوثی باغیوں کا یہ نقصان گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں کی گئی 36 کاروائیوں میں کیا گیا۔
دوسری جانب یمن کی حکومت نے ایران پر پھر الزام عائد کیا ہے کہ وہ حوثی باغیوں کو مسلسل ہتھیار فراہم کر رہا ہے، تاکہ ان علاقوں میں ایران کے توسیعی منصوبے پر عمل درآمد کرایا جا سکے۔