بھارتی افواج نے حسب معمول ایک مرتبہ پھر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پہ بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی خاتون شہید ہو گئی ہے۔
میڈیا کے مطابق بھارت کی بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے مقبوضہ کشمیرکے علاقے آر ایس پورا میں پاکستانی خاتون کوفائرنگ کرکے شہید کردیا۔قابض بھارتی فوجیوں نے پاکستانی خاتون کوسرحد پار کرنے کی کوشش کا الزام لگا کرشہید کر دیا، پاکستانی خاتون کوشہید کرنے کا واقعہ گزشتہ رات پیش آیا۔ بھارتی بارڈرسیکورٹی فورس کے ترجمان نے کشمیری میڈیا سے گفتگو میں پاکستانی خاتون کوشہید کرنے کا اعتراف کیا ۔بھارتی فورسز اکثر ایل اوسی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریوں کو نشانہ بناتی ہیں۔
یا د رہے کہ بھارت کی افواج فائرنگ کا نشانہ شہری آبادی کو بھی بناتی ہے جو صریحاً عالمی قوانین کی بدترین خلاف ورزی کے مترادف ہے لیکن افسوس پاکستان کی جانب سے توجہ مبذول کرائے جانے کے باوجود عالمی برادری اس ضمن میں تاحال بھارت پر درکار دباؤ ڈالنے میں ناکام رہی ہے۔