پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلدیاتی ایکٹ پر ایم کیو ایم کی تنقید پر ردعمل میں کہا ہے کہ تم پاکستان مردہ باد کہنے والے ہو، میں پاکستان زندہ باد کہنے والا ہوں، حب الوطنی پر ہمیں لیکچر دینے والے آپ کون ہوتے ہیں۔
آج کراچی میں پیپلز پارٹی قیادت کے بلاول ہاؤس میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پاکستان زندہ آباد اور وفاق کا نعرہ لگانے والی پارٹی ہے، کراچی اور سندھ کے شہری الطاف حسین کی سیاست پر فل اسٹاپ لگا چکے ہیں۔
بلاول بھٹو نے مصطفی کمال اور وسیم اختر کا نام لیتے ہوئے کہا کہ میں جب سے پیدا ہوا ہوں تب سے کراچی میں دہشت گردوں کی حکومت تھی، انہیں عوام مسترد کر چکے ہیں، پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگانے والوں کو پیپلز پارٹی کا لیکچر دینے کی جرات کیسے ہوئی؟
صوبہ سندھ کے بلدیاتی ایکٹ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سندھ میں بہترین بلدیاتی نظام لا رہے ہیں، سندھ کے بلدیاتی قانون کو کالا قانون کہنے والوں کا منہ کالا ہوگا، انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں نہ بلا چلے گا اور نہ پتنگ، اگلے انتخابات میں صرف تیر چلے گا۔