مقبوضہ کشمیر میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جبکہ حریت پسندوں نے قابض بھارتی پولیس کی گاڑی پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں3 اہلکار ہلاک جبکہ درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔
کشمیری میڈیا کےمطابق بھارتی پولیس کی گاڑی پر حملہ سری نگر کے علاقے زیون میں کیا گیا۔فائرنگ کے نتیجے میں بھارتی پولیس کے 3 اہلکار ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد قابض بھارتی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے تلاشی شروع کر دی۔
دوسری جانب بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسزاور پولیس اہلکاروں نے نوجوانوں کو ضلع سرینگر کے علاقے رنگریٹ میں محاصرے اور تلاشی کی مشترکہ کارروائی کے دوران شہید کیا۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔قابض حکام نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا اور انٹرنیٹ موبائل سروس معطل کر دی۔ادھرنوجوانوں کی شہادت پرعلاقے کے لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ ان کا کہنا تھا دونوں نوجوان بے گناہ تھے اور ان کوجعلی مقابلے میں شہید کیاگیا۔