اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، افغانستان کی غذائی قلت کو پورا کیا جائے، شاہ محمود

14  دسمبر‬‮  2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، افغانستان میں 3.2 ملین بچے شدید غذائی قلت کے خطرات سے دوچار ہیں، اگر اس صورت حال پر بروقت توجہ نہ دی گئی تو ایک بڑا انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔
اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مارگلہ ڈائیلاگ فورم 2021 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزرائے خارجہ کونسل کے 19 دسمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے غیر معمولی اجلاس کا مقصد، افغانستان کی سنگین انسانی صورتحال پر غور و خوض کرنا اور موثر لائحہ ء عمل طے کرنا ہے۔ اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق،اس وقت افغانستان کے 38 ملین افراد میں سے 50 فیصد کو بھوک کے سنگین بحران کا سامنا ہے اور یہ صورتحال روز بروز بدتر ہوتی جا رہی ہے۔
امریکا کے ساتھ تعلقات
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، مستقبل کی طرف دیکھتے ہوئے ہم امریکہ کے ساتھ سودے بازی والے تعلقات نہیں چاہتے، بلکہ کثیرالجہتی تعلقات چاہتے ہیں جو علاقائی اور عالمی پالیسیز کے مدوجزر سے متاثر نہ ہوں، وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں جیوپالیٹیکس سے جیواکنامکس کی طرف تبدیلی سے ہم امریکہ کے ساتھ ایسے تعلقات چاہتے ہیں جو ہماری تبدیل شدہ ترجیحات سے ہم آہنگ ہوں، امریکہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کارانہ تعلقات میں اضافہ اور خطے کو جوڑنے سے متعلق تعاون ہمارے باہمی مفاد میں کام آسکتا ہے۔
افغانستان کی صورتحال
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سردیوں کی آمد نے افغانستان کی صورتحال کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے۔ اگر اس صورت حال پر بروقت توجہ نہ دی گئی تو ایک بڑا انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔افغانستان او آئی سی کے بانی اراکین میں شامل ہے۔ امت مسلمہ کا حصہ ہونے کے ناطے، ہم افغانستان کے لوگوں کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے کے برادرانہ بندھنوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ او آئی سی نے ہمیشہ افغانستان کے عوام کی حمایت کی ہے۔ آج پہلے سے کہیں زیادہ افغان عوام کو او آئی سی سمیت عالمی برادری کی حمایت کی ضرورت ہے
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے افغانستان میں انسانی بحران کی انتہائی سنگین صورتحال درپیش ہے، جس کے نتائج کا سامنا نہ صرف افغانستان کے عوام کو ہے بلکہ ہمسایہ ممالک کے طور پر ہمیں ، خطے اور دنیا کو بھی یقینی طور پر کرنا ہو گا ، ہم افغانستان میں اجتماعیت کی حامل حکومت کی تشکیل کے حامی ہیں جس میں تمام نسلی اور مذہبی اقلیتوں سمیت خواتین کے حقوق کا احترام ہو، افغان حکومت نے اپنے تمام ہمسایوں کو یقین دلایا ہے کہ ان کی سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی، یہی پیغام کابل نے تمام خطے کے باہر کی قوتوں کو بھی دیا ہے۔
کشمیر کی صورتحال
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایشیا کو انتشار سے بچانے کیلئے مسئلہ کشمیر پر توجہ دینے کی ضروت ہے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت میں مودی کی حکومت آنے پر مذاکرات کیلئے ہاتھ بڑھایا تھا، تاہم بھارت نے مذاکرات کی پیشکش پر اپنے دروازے بند کرنے کو ترجیح دی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے ۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved